ممبئی ، 30/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کچھ دن پہلے ممبئی کے باندرہ ٹرمینس پر ایک حادثہ پیش آیا تھا جب ٹرین میں سوار ہونے کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی، جس کے نتیجے میں کئی لوگ شدید زخمی ہوئے۔ ایسے حادثات سے بچنے اور ٹرین و پلیٹ فارم پر بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لیے مغربی ریلوے نے نیا حکم جاری کیا ہے۔ محکمہ ریلوے کے مطابق، اگر مسافروں کا سامان ان کی متعلقہ ٹریول کلاس کے لیے مقرر کردہ حد سے زیادہ ہوگا تو ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، محکمہ ریلوے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلوے اسٹیشنوں پر بھیڑ نہ لگائیں تاکہ حادثات کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
مغربی ریلوے نے 29 اکتوبر کو جاری کردہ ایک اشتہار میں کہا کہ ’’ریلوے اپنے ہر ایک مسافر کو اپنے سفر کے دوران ایک متعینہ مقدار میں ہی مفت سامان لے جانے کی اجازت دیتا ہے۔ لیکن اسکوٹر اور سائیکل جیسے سامانوں سمیت 100 سینٹی میٹر کی لمبائی، 100 سینٹی میٹر کی چوڑائی اور 70 سینٹی میٹر کی اونچائی سے بڑے سائز کے سامان کو مفت لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔‘‘
محکمہ ریلوے کی جانب سے جاری کردہ اشتہار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’مغربی ریلوے تمام مسافرین سے گزارش کرتا ہے کہ وہ اسٹیشنوں پر زیادہ بھیڑ کرنے سے بچیں اور ٹرین کے ٹائم ٹیبل کے مطابق صرف ضرورت ہونے پر ہی احاطے میں داخل ہوں اور سامان کی مقررہ حد پر بھی عمل کریں۔‘‘ اس حکم کا نفاذ فوری طور پر عمل میں لایا گیا ہے اور 8 نومبر تک برقرار رہے گا۔
تہواری سیزن کے دوران پارسل بکنگ میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ خاص طور سے باندرہ ٹرمینس، واپی، ولساڈ، اودھنا اور سورت کے پارسل دفتروں میں بکنگ میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسافرین کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرین کے طے شدہ روانگی وقت سے قبل پارسل کنسائنمنٹ کو پلیٹ فارموں پر لمبے وقت تک جمع نہ رکھنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کو باندرہ ٹرمینس پر پیش آئے حادثے کے بعد محکمہ ریلوے نے پہلے ہی منتخب بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر پلیٹ فارم ٹکٹ کی فروخت پر عارضی روک لگا دی ہے، جو 8 نومبر تک جاری رہے گی۔